بحرین (جیوڈیسک) بحرین نے اپنے ان شہریوں کو دو ہفتوں کے دوران واپس آنے کی مہلت دی ہے جو دوسرے ملکوں میں جہادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ بحرین کی حکومت نے خبردار کیا ہے کہ بیرون ملک بحرینی جہادیوں نے ایسا نہ کیا تو ان کے خلاف انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت مقدمہ چلایا جائے گا۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ بحرین کے وہ شہری جو کسی بھی جنگی علاقے میں جہاد کے نام پر موجود ہیں انہیں ہر صورت دو ہفتوں میں واپس آنا ہو گا جو اس عرصے میں واپس نہیں آ سکیں گے ان کے ساتھ ملکی قانون کے مطابق بطور دہشتگرد سلوک کیا جائے گا۔ اس صورت میں ملنے والی سزا کے تحت وہ بحرینی شہریت سے بھی محروم کیے جا سکتے ہیں۔