خیبرپختونخوا کابینہ میں توسیع پر تحریک انصاف کے بعض اراکین ناراض

PTI Members

PTI Members

پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع کے معاملہ پر تحریک انصاف کے ناراض اراکین اسمبلی نے الگ گروپ بنا لیا۔ صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکرامتیاز شاہد قریشی بھی ناراض اراکین میں شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا کابینہ میں توسیع کے معاملہ پر ناراض اراکین نے الگ گروپ بنا لیا ہے اور ایم پی اے قربان خان کو ناراض گروپ کا فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔

ناراض ایم پی ایزکااجلاس پشاور میں منعقدہوا۔ فوکل پرسن قربان خان نے بتایا کہ ناراض اراکین کے اجلاس میں 14 ایم پی ایز نے شرکت کی۔ قربان خان نے کہاکہ پارٹی میں وزارتوں کی تقسیم میں انہیں نظر انداز کیا گیاہے۔ تاہم وہ پارٹی میں رہتے ہوئے اپنے موٴقف کیلئے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر امتیاز شاہد قریشی بھی ناراض اراکین میں شامل ہیں۔ جبکہ ایم پی اے جاوید نسیم، ڈاکٹر امجد، ضیا اللہ بنگش اور گل صاحب خان بھی ناراض اراکین کے اجلاس میں شریک ہوئے۔

رکن صوبائی اسمبلی محمود جان، ارباب جہانداد، قربان خان، زاہد درانی اور افتخار مشوانی بھی اجلاس میں شامل ہوئے۔ اجلاس میں شریک شاہ فیصل، شاہ محمد خان اور دیگر اراکین نے تحریک انصاف کو بچانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔