چودھری پرویز الہی کی قائم کردہ گریجوایٹ نوجوانوں پر مشتمل نہایت باوقار سروس اپنی مثال آپ تھی
Posted on April 1, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز, لاہور
لاہو: پاکستان مسلم لیگ نے ٹریفک وارڈن جیسی عوام دوست مثالی سروس کو بدنام کر کے بالآخر اسے ختم کرنے کی مذموم سازش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری پرویزالٰہی کی قائم کردہ گریجوایٹ نوجوانوں پر مشتمل یہ نہایت باوقار سروس اپنی مثال آپ تھی۔ شہباز شریف ہمارے دور کے دیگر عوامی منصوبوں اور فلاحی اقدامات کی طرح اس ادارے کو ختم تو نہ کر سکے لیکن اس سروس کو ٹریفک کنٹرول کرنے کے اصل مقصد کے بجائے غیر حقیقت پسندانہ ٹارگٹس دے کر چالان کرنے پر لگا دیا گیا ہے۔
حکمرانوں کی انتقامی سوچ اور غلط اقدامات کے باعث یہ سروس اپنی افادیت کھو رہی ہے اور ان پر عوام دشمنی کا لیبل لگایا جا رہا ہے۔ پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری چودھری ظہیر الدین اور سینئر نائب صدر محمد بشارت راجہ نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ 2006ء میں قائم کردہ اس سروس سے پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار ٹریفک سسٹم سے بھتہ اور کرپشن کا خاتمہ ہوا جس کی نہ صرف ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں دل کھول کر تعریف کی بلکہ 2009ء میں ٹرانسپرنسی سروے کے مطابق لوگوں نے اس نظام کو مفید قرار دیتے ہوئے ملک کے دوسرے حصوں میں بھی اسے شروع کرنے کی رائے دی اور تصدیق کی کہ اس سے محکمہ ٹریفک میں کرپشن ختم ہوئی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ہوش کے ناخن لے، عوامی مفاد میں قائم کردہ اس سروس کو ٹریفک کنٹرول کیلئے استعمال کرے نہ کہ حکمرانوں کے اللے تللوں کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں بھرتی کردہ ٹریفک وارڈنز کی تربیت پر خصوصی توجہ دی جاتی تھی، انہیں عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے اور دوستانہ رویہ رکھنے کیلئے ماہرین کے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جاتا تھا، موجودہ حکمرانوں نے ٹریننگ کے سسٹم کو ختم کر کے انہیں زیادہ سے زیادہ چالان کرنے کے ٹارگٹ دے کر عوام دوست کی بجائے عوام دشمن بنا دیا ہے اور مستقبل قریب میں حکومت ٹریفک وارڈنز اور عوام کے درمیان جھگڑوں کو بنیاد بنا کر اس سروس کو ختم کرنے کے درپے ہے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com