گوجرانوالہ :محکمہ سوئی گیس کی گاڑیوں میں فیول نہ بھرا جا سکا:ملازمین فارغ بیٹھے رہے

Department Of Sui Gas

Department Of Sui Gas

گوجرانوالہ (جیوڈیسک) سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کمپنی گوجرانوالہ کی ایڈمن برانچ کی غفلت کی وجہ سے سرکاری گاڑیوں میں بر وقت فیول نہ بھرے جانے کی وجہ سے محکمانہ سرگرمیاں دن بھر رکی رہیں، سیکڑوں درخواستیں نہ نمٹائی جا سکیں،شکایات کے باوجود لیکج کے معاملات پر قابو نہ پایا جا سکا اور نہ ہی میرٹ لسٹ کے مطابق نئے کنکشنز لگائے جا سکے۔ذرائع کے مطابق سوئی گیس کمپنی گوجرانوالہ کا فیول بھروانے کیلئے عزیز کراس کے قریب واقع ایک فلنگ سٹیشن سے معاہدہ ہے تاہم مبینہ طور پر ایڈمن برانچ کے چند افسران کو گیس بھروانے کی مد میں کمیشن دینے کا لالچ دیا گیا جس کے بعد گاڑیوں میں فیول کسی دوسرے فلنگ سٹیشنسے بھروایا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز صبح 11 بجے سے شام 4 بجے تک گیس کمپنی کے سیکڑوں کیری ڈبے اور جیپیں مذکورہ فلنگ سٹیشنز پر شام تک لائنوں میں کھڑی رہیں ، کچھ گاڑیوں کی ری فلنگ ہو گئی لیکن بیشتر کو سی این جی کی فراہمی کا وقت گزر جانے کی وجہ سے خالی لوٹنا پڑا۔

ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ روز دن بھر گاڑیاں فیول بھروانے کیلئے سٹیشن پر کھڑی رہیں جس کی وجہ سے محکمانہ کام سر انجام نہ دئیے جا سکے اور افسران و ملازمین دن بھر ہاتھ پر ہاتھ دھرے دفتر میں بیٹھے رہے ۔اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر محکمہ کے افسران کا کہنا تھا کہ دفتر کے قریب ہونے کی وجہ سے مذکورہ سی این جی سٹیشن سے گیس بھروائی جارہی ہے تاہم صارفین کے شدید رش کی وجہ سے گاڑیوں کو کچھ دیر انتظار بھی کرنا پڑا لیکن سرکاری معاملات میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔