روسی افواج کی واپسی کی تصدیق نہیں کر سکتے، نیٹو

Russ

Russ

برسلز (جیوڈیسک) نیٹو نے منگل کو کہا ہے کہ روسی افواج کی یوکرین کی سرحد سے انخلاء کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے جبکہ روس نے گیس کی قیمت میں اضافے کے ساتھ یوکرین پر دباؤ بڑھادیا ہے۔ مغربی اتحاد کے وزرائے خارجہ گزشتہ ماہ کرائمیا کے روس سے الحاق کے حوالے سے بات چیت کے لیئے برسلز میں جمع ہوئے ہیں۔

ماسکو کے با ضابطہ طور پر کرائمیا پر قبضے کے بعد کشیدگی اب بھی برقرار ہے۔ نیٹو کے سیکرٹری جنرل اینڈرس فوغ راسموسین نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کریملن کے اعلان کے باوجود روسی افواج کی یوکرین سرحد سے انخلاء کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ وزرا دو روزہ مذاکرات کیلئے جمع ہوئے ہیں۔ ان میں امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری بھی شامل ہیں۔

یوکرین اور امریکا نے یوکرین سرحد پر ہزاروں روسی افواج کی موجودگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا ان کا کہنا تھا کہ روس کرائمیا پر قبضے کے بعد یوکرین کے جنوب مشرقی حصوں پر قبضہ کرنے کا خواہش مند ہے جہاں روسی نسل کے لوگ آباد ہیں۔ جرمن چانسلر انجیلا مرکل کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بذات خود منگل کو ٹیلی فون پر انجیلا مرکل سے روسی افواج کے انخلاء کی یقین دہانی کرائی تھی۔