پشاور (جیوڈیسک) پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ آئندہ ایک دو روز میں حکومتی اور طالبان رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہو گا۔ کوشش ہے کہ دونوں جانب سے سیز فائر کا اعلان ہو۔
طالبان رابطہ کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ حکومتی اور طالبان رابطہ کمیٹی کے مابین آئندہ دو دنوں میں مشترکہ اجلاس ہو گا۔کوشش ہے کہ اجلاس میں دونوں جانب سے سیز فائر کا اعلان کیا جا سکے ، ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی یہ بھی کوشش کر رہی ہے کہ مستقل فائر بندی ہو سکے۔
مشترکہ اجلاس کے فوری بعد طالبان شوریٰ سے ملاقات کی کوشش کریں گے۔ 29 مارچ کو وزیر داخلہ سے ملاقات کی تھی اور انہوں نے مذاکرات کے حوالے سے وزیر اعظم کو مکمل بریفنگ دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے سولہ قیدیوں کو رہا کیا گیا ہے جبکہ طالبان نے سینکڑوں قیدیوں کی فہرست حوالے کی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ قیدیوں پر تشدد کے حوالے سے طالبان کے موقف سے حکومت کو آگاہ کر چکے ہیں۔
پروفیسر ابراہیم کے مطابق حکومت کو پیس زون بنانے کی بات کی گئی ہے لیکن ان کی جانب سے مثبت جواب نہیں ملا ہے۔