اسلام آباد (جیوڈیسک) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم نے کہا ہے کہ افغانستان میں پرامن انتخابات کا انعقاد افغان سیکیورٹی فورسز کی ذمے داری ہے ، افغان انتخابات کے موقع پر سرحد سیل نہیں کریں گے تاہم سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کیے جائیں گے۔ افغان حکومت کو انتخابات کے انعقاد کے لیے مدد دینے پر تیار ہیں۔
دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ افغانستان میں انتخابی عمل کا خیرمقدم کرتے ہیں۔افغانستان میں دہشتگردی کا افغان طالبان اعتراف کر چکے ہیں۔افغانستان میں پرامن انتخابات کا انعقاد افغان سیکیورٹی فورسز کی ذمے داری ہے۔
امید ہے دھمکیوں کے باوجود افغان عوام انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔افغان حکومت کو الیکشن کے انعقاد کے سلسلے میں مدد دینے کو تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ افغان صدر کے الزامات پر پہلے ہی بیان جاری کر چکے ہیں ، افغان انتخابات کے موقع پر سرحد پر سیکورٹی کے خاطرخواہ انتظامات کیے جائیں گے۔
تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف جلد ایران کا دورہ کرینگے، ابھی تاریخیں طے نہیں ہوئیں۔ وزیر اعظم کے دورہ ایران کے ایجنڈے کی تیاری کیلئے مشترکہ کمیشن کا اجلاس بلانے کی تجویز ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایرانی گارڈز کے واقعے کی مذمت اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی بھی کیا ہے۔ایرانی حکام کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو خط میں پاکستان کا ذکر نہیں ، دہشتگردی کے مختلف واقعات کا ذکر کیا ہے۔
تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ عالمی برادری ڈرونز کے معاملے پر پاکستان کے موقف کی حمایت کر رہی ہے۔امریکی کانگریس کے ایک رکن نے حال ہی میں ڈرونز بارے سوالات اٹھائے ہیں ، امریکی کانگریس کے رکن نے انتظامیہ سے ڈرون حملوں کے حوالے سے وضاحت کا کہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطین کا ایجنڈہ اقوام متحدہ کے چارٹر پر بہت پرانا ہے، پاکستان آزاد فلسطینی ریاست چاہتا ہے۔