سری لنکا ، ویسٹ انڈیز کو 27 رنز سے ہرا کر فائنل میں پہنچ گیا

Sri Lanka

Sri Lanka

ڈھاکا (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنل میچ میں سری لنکا نے ویسٹ انڈیزکو 27 رنز سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا ہے۔ بارش کے باعث میچ کا فیصلہ ڈرک ورتھ لوئس قانون کے تحت دیا گیا اور سری لنکا کو27 رنزسے فاتح قرار دیا گیا۔

اس سے قبل میرپور کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس سری لنکا نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ویسٹ انڈیز کو جیت کے لیے 161 رنز کا ہدف دیا ، تاہم ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 13.5 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے کہ بارش شروع ہوگئی، اور امپائروں نے میچ روک کر بارش کے ختم ہونے کا انتظار کیا۔

تاہم جب کافی انتظار کے بعد بھی بارش ختم نہ ہوسکی تو امپائروں نے ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت سری لنکا کو فاتح قرار دیدیا۔ جس وقت میچ ختم ہوا تو ویسٹ انڈیز کے مارلن سموئلز 18 اور کپتان سامی بناء کسی رن کے کریز پر موجود تھے۔ جبکہ وائن اسمتھ 17 ، وائن براوو 30 رنز، کرس گیل 3 اور لینڈی سمنز 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب لیستھ مالنگا نے دو جبکہ کولا سیکرا اور پرسنا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔ اور جمعہ کے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم اتوار چھ اپریل کو ڈھاکا میں سری لنکا سے مقابلہ کریگی۔