تھر قحط: مزید ایک بچے سمیت 2 افراد چل بسے، تعداد 210 ہو گئی

Thar Famine

Thar Famine

مٹھی (جیوڈیسک) تھرپارکر میں مزید ایک بچے سمیت 2 افراد چل بسے، جبکہ درجنوں مزید بچوں کواسپتال میں داخل کر لیا گیا۔ مٹھی میں 50 سالہ ہادی جونیجو دم توڑ گیا۔

ہادی جونیجو کو گزشتہ روز سول اسپتال مٹھی سے صحتیاب قرار دے کر ڈسچارج کیا گیا تھا۔ تحصیل ڈپلو کے نواحی گاؤں میں بچہ مایو نوہاری چل بسا، بھوک و افلاس سے مرنے والوں کی تعداد 210 ہو گئی۔ 2 بچوں کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دیا گیا۔

متاثرین کو اب تک امدادی خوراک کے پیکٹ اور مویشیوں کے لیے چارہ فراہم نہیں کیا گیا۔ جبکہ 40 ہزار خاندان اب بھی امدادی گندم کے منتظر ہیں۔ جمعرات کو روز بھی بینظیرانکم سپورٹ پروگرام کے تحت ملنے والی امدادی رقم کے حصول کے لیے اے ٹی ایمز پر بھی لوگوں کارش لگا رہا جبکہ 25 ہزار مستحق خواتین اے ٹی ایم کارڈ نہ ہونے، پن کوڈ یا کارڈ گم ہوجانے کے باعث امدادی رقم کے حصول سے محروم ہیں، جن کی کوئی رہنمائی کرنے والا تک موجود نہیں ہے۔