خواتین کو معاشرہ میں بہتر اور مضبوط مقام حاصل کرنے کیلئے انہیں ہنر مند ہونا چاہیے۔ راشدہ یعقوب

Rashida Yaqoob Speech

Rashida Yaqoob Speech

جھنگ : ممبر صوبائی اسمبلی و پالیمانی سیکرٹری وومن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ راشدہ یعقوب شیخ نے کہا ہے کہ خواتین کو معاشرہ میں بہتر اور مضبوط مقام حاصل کرنے کیلئے انہیں ہنر مند ہوناچاہیے اور یہی وجہ ہے کہ وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب اس ضمن میں بھر پور انداز میں کام کر رہی ہے لہٰذا محکمہ سوشل ویلفیئر اور دیگر متعلقہ تمام ادارے عملی طور پر بہتری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے اداروں اور انکے ترقیاتی کاموں کے حوالے سے خواتین کو ہی زیادہ سے زیادہ نمائندگی دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ادارہ صنعت زار جھنگ کے دورہ کے موقع پر مختلف ہنر سیکھنے والی خواتین اور بچیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔اس دوران ڈی او سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل،ڈسٹرکٹ منیجر صنعت زار چوہدری محمد اشرف ،سپرنٹنڈنٹ دارالامان مسز ثمرہ رباب،ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیٹرکونسل برائے این جی اوز بیگم عابدہ بشیر ،بیگم نیلم مگھیانہ اور بیگم رضیہ رائو کے علاوہ ادارہ کی اساتذہ بھی انکے ہمراہ تھیں۔خاتون ایم پی اے نے صنعت زار کے مختلف شعبوں کا معائینہ کیا اور وہاں پر ہنر سیکھنے والی بچیوں سے انکے مسائل اور ضروریات بارے میں دریافت کیا اور بچیوں کی محنت اور اساتذہ کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ وہ صنعت زار جیسے خواتین کے فعال اداروں میں وسائل کی فراہمی کے حوالہ سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔

انہوں نے خواتین کے اس ادارہ کی سیکورٹی اور دیگر معاملات بارے متعلقہ افسران سے معلومات حاصل کیں اور انہیں ہدایات جاری کیں کہ خواتین کے اس سمیت دیگر اداروںمیں خواتین اور بچیوں کی پردہ داری کے حوالہ سے مرد حضرات کی آمد ورفت کو مکمل طور پر ختم ہونا چاہیے ۔ انہوںنے ادارہ میں تیار ہونے والی اشیاء اور دیگر پارچہ جات کو مارکیٹ میں متعارف کروانے کیلئے گرلز سکولوں اور کالجز میں نمائشی پروگرام کا انعقاد کروایا جائے اور اس ضمن میں وہ ذاتی طور پر بھی معاونت کرینگی۔اس موقع پر ڈی او سوشل ویلفیئر اظہر عباس عادل،منیجر صنعت زارچوہدری محمد اشرف اور بیگم عابدہ بشیر نے بھی خطاب کیا اور ادارہ میں سیکھنے والی خواتین اور بچیوں کی کارکردگی پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے خاتون ممبرصوبائی اسمبلی کو ادارہ کا وزٹ کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں انہوںنے دارالامان کا بھی دورہ کیا اور وہاں رہائش پذیر بے آسرا خواتین سے انکے مسائل دریافت کئے اور ادارہ کی بیرونی چاردیوار ی کو سیکورٹی کے لحاظ سے فوری طور پر اونچا کرنے کی ضرورت پر زورد یا ۔ انہوں نے ادارہ کی سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ یہاں رہنے والی خواتین کو اچھی خوراک اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انکے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں سے رابطہ میں رہا جائے ۔اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ اس وقت دارالامان جھنگ میں تیرہ بے سہارا خواتین اور بچیاں رہائش پذیرہیں جنہیں دینی و دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر مند بنانے کیلئے تربیت بھی دی جارہی ہے تاکہ یہاں سے فارغ ہونے کے بعد وہ معاشرہ میں باعزت طورپر زندگی گزار سکیں۔مزید برآں انہوںنے دارالامان میں رہنے والی خواتین میں ادارہ کی طرف سے سوٹ گفٹ پیک بھی تقسیم کئے۔