لاہور (جیوڈیسک) سابق صدر آصف زرداری نے کہاہے کہ وہ پاکستان اور جمہوریت کی مضبوطی کی خاطر موجودہ منتخب حکومت کے خلاف کسی بھی قسم کی سازش کاحصہ نہیں بنیں گے۔
نوڈیرو میں لاہور کے صحافیوں کے وفدسے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے میمو گیٹ کے حوالے سے سوال پر سابق صدر نے کہا کہ سچ سامنے آگیا، میمو گیٹ کاحکومت سے زیادہ ریاست کو نقصان ہوا، میمو گیٹ کے آرکیٹیکٹ نے پیغام بھیجاہے کہ مجھے معاف کردیں، غلطی ہوگئی، اس نے جو کچھ کیااپنے باس کے کہنے پر کیا۔
انھوں نے کہا کہ ملک کے حل کیلیے نوازشریف کوپورا موقع ملے، اگرنوازشریف کو موقع نہ دیا گیا تو وہ دہشت گردی کا مسئلہ حل نہیں کر سکیں گے، ہم طالبان اور خارجہ پالیسی پر نواز شریف کے ساتھ ہیں، یہ درست ہے کہ دھاندلی نہ ہوتی تو ہم پنجاب میں 30 نشستیں جیت سکتے تھے۔
انھوں نے کہا کہ بلے کو بھاگنے نہیں دیں گے، چند روز پہلے میری غداری کیس پرنواز شریف سے گفتگو ہوئی، میں نے انھیں یقین دلایا کہ ہم اس معاملے میں آپ کے ساتھ ہیں جس پر نواز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اس کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔