کراچی (جیوڈیسک) پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن اور سابق چیف سلیکٹر اقبال قاسم نے کہا ہے کہ مستقبل میں بہترنتائج کیلیے قومی ٹیم میں نئے کھلاڑیوں کو جگہ دی جائے جبکہ مستقل شامل رہنے کے باوجود کارکردگی نہ دکھانے والے سینئرز اپنے حوالے سے خود ہی فیصلہ کرلیں۔
مختصر فارمیٹ کی کرکٹ میں قومی قیادت شاہد آفریدی کوسونپ دی جائے، بورڈ جلدبازی کے بجائے تحمل سے کام لے، راشد لطیف کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعدکپتان محمد حفیظ کے مستعفی ہونے کا فیصلہ درست ہے
اب مزید کسی بحث میں پڑنے کے بجائے نئی قیادت کے حوالے سے سوچا جائے، شاہد آفریدی باہمت اور تجربہ کار ہونے کے ناطے اس ذمہ داری کو بخوبی نبھانے کی اہلیت اور صلاحیت رکھتے ہیں، البتہ مستقبل میں نئے کپتان کے لیے احمد شہزاد جیسے نوجوان کھلاڑیوں کو ابھی سے گروم کیا چاہیے۔