واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر اور نیٹو سربراہ نے افغان الیکشن کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔ امریکی صدر بارک اوباما نے افغان صدارتی انتخابات کا خیر مقدم کیا ہے اور انہیں ایک اہم سنگ میل قراردیا، اوباما کا کہنا تھا کہ انتخابات افغانستان میں جمہوریت کے تسلسل کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں صدر اوباما کا کہنا تھا کہ افغانستان سے امریکا اور اس کے اتحادی افواج کے انخلا کے موقع پر افغان عوام کا اپنے ملک کے مستقبل کی ذمہ داری لینا نہایت اچھا اقدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کی دھمکیوں کی پروا کیے بغیر پولنگ اسٹیشن جاکر اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پر لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، صدر اوباما کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان میں جمہوریت اور بین الاقوامی مدد جاری رکھنے کے لیے صدارتی انتخابات بہت اہم ہیں۔ ادھر نیٹو سربراہ نے افغان صدارتی الیکشن کو جمہوریت کا تسلسل قرار دیا ہے۔ دوسری جانب افغانستان میں پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے،الیکشن کمیشن کے مطابق ٹرن آوٴٹ 60 فیصد کے قریب ہے۔