پاکستان کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ۔ ایرانی پارلیمنٹ کی منظوری

Iran, Parliament

Iran, Parliament

تہران (جیوڈیسک) ایرانی پارلیمنٹ نے گزشتہ روز اتوار تہران اور اسلام آباد کے درمیان سیکیورٹی تعاون کو بڑھنے کے لیے ایک بل کو منظور کرلیا۔ ایرانی نیوز ایجنسی کے مطابق اس بل کا مقصد سرحد پر موجود شدت پسند گروپس کا مقابلہ کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

خیال رہے کہ 2004 سے پاکستان اور ایران کی سرحد پر تعینات سیکیورٹی گارڈز پر شدت پسند گروپس متعدد مرتبہ حملے کرچکے ہیں۔ اسی قسم کا ایک واقعہ گزشتہ مہینے بھی پیش آیا جب ایرانی سرحد سے پانچ سیکیورٹی گارڈز کو اغوا کیا گیا تھا۔

اس سے قبل گزشتہ سال نومبر میں بھی اسی مقام پر پیش آنے والے ایک واقعے میں چودہ ایرانی سیکیورٹی محافظوں کو ہلاک کردیا گیا تھا اور اس واقعے کی ذمہ داری شدت پسند گروپ جیشِ العدل نے قبول کی تھی۔

ایرانی پارلیمنٹ اس بل کو 187 ووٹوں کے ساتھ منظور کیا، جبکہ چودہ نے مخالفت کی اور چھ اراکین غیر حاضر رہے۔ یاد رہے کہ اس بل کو اس سے قبل ایرانی کابینہ نے منظور کیا تھا جس کے بعد گزشتہ سال 31 مارچ کو اسے پارلیمنٹ کے سامنے پیش کردیا گیا تھا۔