اسلام آباد کچہری حملے کی عدالتی رپورٹ سپریم کورٹ کو مل گئی

اسلام آباد (خرم شہزاد بھٹی ) سپریم کورٹ نے ایف ایٹ کچہری حملہ کیس میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سے دو روز میں تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے ایف ایٹ کچہری حملہ از خود نوٹس کی سماعت کی، سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فاضل جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی کی جانب سے حملے کی رپورٹ عدالت عظمی کو مل گئی ہے، یہ رپورٹ خفیہ ہونے کی وجہ سے عام نہیں کی جاسکتی نہ ہی اسے عدالت میں پڑھا جاسکتا ہے۔

اس لئے اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بار کے صدور رجسٹرار آفس میں اس رپورٹ کا جائزہ لے سکتے ہیں۔ سپریم کورٹ نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر کو رپورٹ کی روشنی میں آئندہ سماعت تک اپنا تحریری جواب داخل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کیس کی مزید سماعت بدھ کو ہوگی۔ واضح رہے کہ 3 مارچ کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف 8 میں واقع مقامی عدالتوں پر دہشتگردوں نے حملہ کردیا تھا جس کے نتیجے میں جج اور وکلا سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔