لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکا اشرف نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی کے بگ فور کے حوالے سے بیان میں کوئی صداقت نہیں ، بھارت نے بگ فور کی کوئی گارنٹی نہیں دی تھی۔
سابق چیئرمین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بگ تھری کے حوالے سے وہ اپنے اصولی موقف اور بیان پر آج بھی قائم ہیں اور چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنے موقف پر ڈٹا رہے۔ انہوں نے کہا کہ بگ فور کے حوالے سے نجم سیٹھی کے بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے اور حقائق کو توڑ مروڑ کا پیش کیا جارہا ہے۔
بھارت نے بگ فور کی پیشکش کی تھی لیکن وہ گارنٹی دینے کو تیار نہیں تھا اور بعد میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے انکار پر بھارت بھی اس سے مکر گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی بحالی کے بعد کئی پریس کانفرنس میں بگ تھری کے حوالے سے کہا تھا کہ بھارت چوائس دے رہا ہے مگر جو کہتا ہے اس کی گارنٹی نہیں دے رہا ہمیں گارنٹی چاہیے اس کے بغیر کچھ نہیں کرسکتے میں اپنے اصولی موقف اور بیان پر آج بھی قائم ہوں۔