امریکا سے دوری ، سعودی عرب جوہری صلاحیتوں کو ترقی دے رہا ہے، برطانوی اخبار

British

British

کراچی (جیوڈیسک) برطانوی اخبار ”فنانشل ٹائمز“ لکھتا ہے کہ امریکی سیکورٹی چھتری میں اعتماد کھونے کے بعد سعودی عرب اپنی جوہری صلاحیتوں کو ترقی دے رہا ہے، اسرائیل کی طرف سے ایران کے خلاف یک طرفہ براہ راست کارروائی سے انکار نہیں کیا جا سکتا، سعودی عرب کے پاس پیسہ ہے جس سے وہ ضرورت کی ہر چیز خرید سکتا ہے، پاکستان کا گہرا اتحادی ہے جو پہلے ہی جوہری ریاست ہے، دنیا مشرق وسطی کے تیل پر انحصار کم کر کے متبادل توانائی کے ذرائع پر جا رہی ہے، سعودی عرب اپنے آپ کو اس قابل بنا رہا ہے کہ سول جوہری طاقت سے اس مقام پر پہنچ جائے جہاں چند ماہ میں جوہری ہتھیار وں کو بنایا جاسکتا ہے۔

اخبار کے تفصیلی مضمون میں کہا گیا کہ مشرق وسطی کے حالات معمول کے مطابق نہیں رہے۔ ایران کی طرف سے جوہری صلاحیتوں کے حصول کی کوششیں چھ ماہ سے جاری مذاکرات کے باوجود نہیں رکیں،کسی معاہدے کی عدم موجودگی میں دوسرے ممالک اس صورت حال کو بدترین سمجھ رہے ہیں، دیگر ممالک بھی اپنے ڈیٹرینس بنانے کی ضرورت محسوس کر رہے ہیں۔ خطے اور دنیا کی توانائی مارکیٹوں کے لیے بہت زیادہ خطرات ہیں۔ہارورڈ یونی ورسٹی کے بلفر سینٹر سے اولی ہینون اور سمن ہنڈرسن اس سلسلے میں ایک نئے ایشو میں اس مسئلے کو اٹھانے والے ہیں۔جوہری ٹیکنالوجی میں دلچسپی کی سعودی عرب یوں وضاحت کرتا ہے کہ وہ جوہری صلاحیت کو تیل کی جگہ بجلی پیدا کرنے کے لئے استعمال کریں گے اور تیل کو برآمد کیا جا سکتا ہے۔ یقیناً سعودی عرب کی اس وضاحت میں حقیقت ہے سعودی عرب کی ملک کے اندر تیل کی کھپت میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے جو اس وقت تین ہزار بیرل یومیہ سے زیادہ ہے۔

لیکن یہی دلائل ایران بھی اپنی جوہری صلاحیتوں کے حق میں دیتا ہے۔ہارورڈ کے ماہرین خیال کرتے ہیں کہ سعودی عرب اسی انداز میں تیاری میں مصروف ہے اور اس طرح وہ سول نیو کلیئر پاور سے ایک قدم آگے جاکر چند ماہ میں ہی جوہری ہتھیار بنا سکتا ہے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی طرف سے جانچ پڑتال انتہائی کم ہے۔ سعودی عرب بہت جلد ایٹمی صلاحیت حاصل کرسکتا ہے۔ سعودی عرب کی نازک حکومت کے ہاتھوں میں جوہری ہتھیاروں کا امکان بہت برا ہے۔ملک بنیادی طور پر غیر سمتحکم ہے یہاں تک کہ خطے میں کسی مزید تنازع جو کہ جوہری سطح سے بھی نیچے ہو ایسی صور ت حال توانائی کی عالمی معیشت کی بنیادوں کو ہلا کے رکھ دے گا۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دنیا مشرق وسطی کے تیل پر انحصار کم کرتی جا رہی ہے۔وہ گیس اور تیل سے شمسی اور ونڈ انرجی جیسے متبادل توانائی کے ذرائع پر جا رہے ہیں۔