کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس کی جانب سے لیاری کے عوام سے رابطے بڑھانے کے لیے ایس پی لیاری کے دفتر میں کُھلی کچری کا اہتمام کیا گیا جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات اور رینجرز کی جانب سے بریگیڈئیر باسط نے شرکت کی۔ اس موقع پر شاہد حیات کا کہنا تھا کہ لیاری کا اصل چہرا سٹریٹ چلڈرن فٹ بال ورلڈ کپ میں قومی ٹیم نے پیش کیا۔
کراچی پولیس عوام سے رابطے بڑھانا چاہتی ہے اور ان کے تعاون سے لیاری میں امن قائم کرے گی۔ اس موقع پر لیاری کے مکینوں نے آپریشن کے دوران لوگوں کو لاپتہ کئے جانے، بھتہ خوری، منشیات فروشی، جوئے کے اڈوں، پولیس اہلکاروں کے مختلف جرائم میں ملوث ہونے، پولیس کے بیٹ اور تھانہ کلچر کے حوالے سے زبانی شکایات درج کرائیں۔
شاہد حیات کا کہنا تھا کہ انہوں نے ڈی آئی جی ساؤتھ کو ہدایت کی ہے کہ محلے اور گلیوں کی سطح پر کمیٹیاں قائم کی جائیں جس میں پولیس اور رینجرز اہلکاروں سمیت علاقے کے لوگوں کو بھی شامل کیا جائے تا کہ کسی بھی شکایت پر بروقت کارروائی کی جا سکے۔