پیپلزپارٹی کے طالبان مخالف بیانات روکنے سے علی حیدر ، شہباز تاثیر رہا نہیں ہو سکتے، رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

اسلام آباد (جیوڈیسک) پیپلزپارٹی کے رہنما رحمان ملک نے کہا ہے کہ پروفیسر ابراہیم بیان لکھ کر دے دیں پوری پیپلزپارٹی وہی بیان دیگی ، کیا اسکے بعد طالبان علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر کو رہا کر دیں گے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ طالبان کا نظریہ صرف پیسہ ہے اور اسی وجہ سے علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر کے معاملے میں بھی وہ تاوان کی رقم کا تقاضہ کر رہے ہیں۔

رحمان ملک نے کہا کہ انہیں طالبان کے ساتھ حکومت کے مزاکرات کامیاب ہوتے نظر نہیں آ رہے تاہم حکومت کو ان مذاکرات میں طالبان کو حصوں میں تقسیم کرنے کی کامیابی ضرور حاصل ہوئی۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ کو بلاول کو بچہ نہیں کہنا چاہئے کیونکہ وہ ملک کی ایک سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں جو جرات کے ساتھ طالبان کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ حکومت کو علم ہے کہ وہ کیا کر رہی ہے اور فوج کو علم ہے کہ انہیں کیا تحفظات ہیں۔