کراچی (جیوڈیسک) اقتصادی محاذ پر مثبت اشاریوں اور غیرملکیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری دلچسپی کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا۔ جس سے ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس 28500 پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا، تیزی کے سبب حصص کی مالیت میں مزید 40 ارب 85 کروڑ 91 لاکھ 99 ہزار 702 روپے کا اضافہ ہو گیا۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا ہے کہ سیمنٹ، نجی بینک، شعبہ توانائی کی کمپنیوں اور دیگر کثیرقومی کمپنیوں میں خریداری رحجان بڑھنے سے مارکیٹ میں تیزی کی لہر قائم ہے تاہم آئندہ سیشنز میں کسی بھی وقت تکنیکی درستگی سے مندی رونما ہوسکتی ہے، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر 46.28 پوائنٹس کی مندی بھی رونما ہوئی لیکن فروخت کی نسبت خریداری حجم زائد ہونے کی وجہ سے مارکیٹ میں مندی کے اثرات زائل ہوگئے۔
ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے 79 لاکھ 54 ہزار 201 ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 170.93 پوائنٹس کے اضافے سے 28578.96 اورکے ایس ای 30 انڈیکس 98.67 پوائنٹس بڑھ کر 20128.95 ہوگیا جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس 39.91 پوائنٹس کمی سے 46529.81 ہو گیا، کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 36.53 فیصد کم رہا، مجموعی طور پر 25 کروڑ 57 لاکھ 41 ہزار 810 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ 368 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں 188 کے بھائو میں اضافہ 159 کے داموں میں کمی اور 21 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔