توانائی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل ناگزیر ہے: نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ معیشت کا سارا انحصار توانائی منصوبوں پر ہے۔ ان منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنا انتہائی ناگزیر ہے۔

پاک چین راہداری منصوبوں کے جائزہ کے حوالے سے وزیراعظم ہاﺅس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان کا ملکی ترقی میں بڑا اہم کردار ہے۔

پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور باﺅ فورم کے موقع پر چینی قیادت سے باہمی منصوبوں پر تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان میں چینی سرمایہ کاری کو محفوظ بنائے گی اور انہیں بہترین منافع دیا جائے گا۔

ہم باﺅ فورم برائے ایشیا کے موقع پر چینی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں میں بھی پاکستان اور چین کے ساتھ تعاون پر بات چیت کرینگے۔ اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی نے وزیراعظم کو بتایا کہ منصوبوں کیلئے سرمایہ کی فراہمی کیلئے چینی حکومت سے فریم ورک سمجھوتے کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

وزیراعظم کو کراچی لاہور موٹر وے منصوبے اور لاہور اسلام آباد موٹر وے کی بحالی کے حوالے سے پروگرام کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔