کوئٹہ (جیوڈیسک) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کیلیے وفاقی حکومت بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ بلوچستان کے مسئلے کو حل کرنے کیلیے بلوچوں کو قومی دھارے میں لائیں گے اور جلد ہی بلوچستان خوشحال صوبہ بنے گا۔
انھوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی قیادت میں صوبائی وزرا‘ اراکین اسمبلی سے ملاقات میں کہا کہ بلوچستان حکومت امن وامان کی بحالی کیلیے اقدامات کرے، وفاقی حکومت ان کو مکمل سپورٹ کریگی، عوام کا معیار زندگی بہتر کرنے کیلیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
لوگوں کی جان ومال کا تحفظ حکومت کا فرض ہے، ناراض بلوچ بھائیوں کو قومی دھارے میں لایا جائے اور ان سے بات چیت کی جائے کیونکہ بات چیت کے ذریعے ہی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی‘ وفاقی وزیر سرحدی امور جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ بھی موجود تھے۔