ماسکو (جیوڈیسک) یوکرائن میں علیحدگی پسندوں کی گرفتاری پر روس نے خبردار کیا ہے کہ یوکرائنی حکومت عسکری کارروائیاں روک دے ورنہ ملک میں خانہ جنگی چھڑ سکتی ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرائن خطے میں فوج بھیجنے کی تیاریارں کر رہا ہے اور امریکا سے تعلق رکھنے والے کرائے کے فوجی بھی ان میں شامل ہیں۔
بیان میں یوکرائن کو تنبیہ کی گئی ہے کہ عسکری کارروائیاں نہ روکنے کی صورت میں یوکرائن میں خانہ جنگی چھڑنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب یوکرائنی پارلیمنٹ نے ملک میں علیحدگی پسند تحریکوں کو ختم کرنے کیلئے بل منظور کر لیا۔ نئے قانون کے تحت علیحدگی پسندوں کو زیادہ سے زیادہ 10 سال قید کی سزا ہو گی۔