ممبئی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی 20 فائنل میں شکست کھانے والی بھارتی کرکٹ ٹیم خاموشی سے وطن واپس پہنچ گئی، خراب کارکردگی نے یوراج سنگھ کی مسکراہٹ چھین لی، شائقین کے جلے کٹے جملے بھی خاموشی سے سر جھکائے سنتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق ممبئی وہی شہر ہے جہاں 7 برس قبل 2007 میں چیمپئن بننے کے بعد ٹیم آئی تو دھونی نے تاریخی جملہ ادا کیا تھاکہ ’ میں نے سنا ہے ممبئی کبھی کسی کے لیے نہیں رکتا مگر ہم نے اسے روک لیا ہے‘ اس وقت بارش ہور ہی تھی مگر وہ بھی شائقین کو اپنے ہیروز کا استقبال کرنے سے نہیں روک پائی تھی۔ اس بار بھی دھونی الیون نے فائنل کھیلا مگر شکست کی وجہ سے ایئرپورٹ پر کوئی انھیں پوچھنے نہیں آیا، ان کھلاڑیوں میں یوراج سنگھ بھی موجود تھے جنھیں شکست کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے، انھوں نے فائنل میں 21 بالز پر صرف 11 رنز بنائے تھے جس کی وجہ سے وہ ولن بن چکے ہیں، 7 برس قبل جب وہ ممبئی میں اترے تو اس وقت وہ ہیرو تھے، انھوں نے ایک میچ میں انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کو 6 بالز پر مسلسل چھکے جڑے اور ٹیم کی ایونٹ میں کامیابی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔
جب وہ اپنے سامان کا انتظار کررہے تھے تو چند نوجوان شائقین ان کے گرد جمع ہوئے اور اپنے موبائلز سے تصاویر لینے لگے، فوراً وہاں کچھ سیکیورٹی اہلکار بھی پہنچے مگر انھوں نے ان شائقین کو ہٹانے کے بجائے خود بھی آل رائونڈر کے ساتھ تصاویر بنوانا شروع کر دیں، کچھ دور کھڑے شائقین نے یوراج پر جملے بھی کسے مگر ماضی میں ایسی باتوں پر بھڑک اٹھنے والے آل رائونڈر اس بار خاموش کھڑے رہے شائد وہ بھی اپنی پرفارمنس پر شرمسار تھے۔ ڈھاکا سے وطن واپسی پر وہ جہاز میں بھی چپ چپ تھے، ان کے ساتھ بیٹھے روہت شرما نے انھیں ہنسانے کی کوشش کی مگر صرف ایک بار ہی یوراج کے چہرے پر ہلکی سی مسکراہٹ پھیلی، دوسری بار وہ اس وقت مسکرائے جب ایک صحافی نے ان سے کہا کہ اب آپ کو جلد سے جلد شادی کر لینی چاہیے جس پر آل رائونڈر نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’میری پریشانی میں اور اضافہ مت کرو۔