بجلی اُسے ملے گی جو پیسے دے گا: خواجہ آصف

Khawaja Asif

Khawaja Asif

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزارت پانی و بجلی اور چینی کمپنی کے درمیان گڈانی میں چھ سو ساٹھ میگا واٹ کوئلے کے دو پاور پلانٹ لگانے کی باہمی یادداشت پر دستخط کیے گئے۔ منصوبے پر چین کی کمپنی دو ارب ڈالر سرمایہ کاری کرے گی۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چوروں کو بجلی نہیں ملے گی۔ ان کے ٹرانسفارمر ضبط کر لیں گے جو پیسے دے گا، بجلی اسے ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ بعض علاقوں میں اٹھانوے فیصد تک بجلی چوری ہو رہی ہے۔

پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاقے میں ایک ارب تینتیس کروڑ روپے کی بجلی چوری روکی گئی۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دو ہزار میگا واٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کریں گے۔

گرمیوں میں بجلی کی پیداوار اٹھارہ ہزار میگا واٹ تک لے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان میں لوڈشیڈنگ سے صارفین کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ اب بھی ایک ہزار میگا واٹ مہنگی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ نئے پاور پلانٹس سے نقد بنیادوں پر بجلی حاصل کی جائے گی کسی پاور پلانٹ کو پیشگی ادائیگی نہیں کریں گے۔