طالبان مذاکرات ناکام ہونے والے ہیں، عنقریب باقاعدہ اعلان ہو جائے گا، پیر معصوم نقوی

لاہور: جمعیت علما پاکستان نورانی کی سپریم کونسل کے چیرمین پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے کہا ہے کہ طالبان اور حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات ناکام ہونے والے ہیں۔ جس کا عنقریب باقاعدہ اعلان ہوجائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو پی لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر امجد حسین چشتی اور پیر اختر رسول بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پیر معصوم نقوی نے کہا کہ طالبان سے مذاکرات سے حکومت کو سوائے شرمندگی کے کچھ حاصل نہیں ہو رہا۔ طالبان کے دہشت گرد قیدیوں کو بھی حکومت نے بغیر سکیورٹی اداروں کو اعتماد میں لئے رہا کردیاہے۔ جبکہ بے گناہ پاکستانی مغویوںکی موجودگی کے بارے میں طالبان کچھ ماننے کو تیار نہیں۔

حتیٰ کہ علی حیدر گیلانی اور شہباز تاثیر کی موجودگی سے بھی انکاری ہیں۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ ایف سی اہلکاروں کی شہادت طالبان مان چکے ہیں مگر حکومت ٹس سے مس نہیں ہوئی۔ اور ڈھٹائی سے مذاکرات کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کا کہنا تھاکہ فوج کے جوانوںنے قربانیاں دی ہیں۔ ان سے زیادہ امن کی قیمت سے کوئی آگاہ نہیں۔ جتنی محنت سے جانیں خطرے میں ڈال کر طالبان دہشت گردوں کو سکیورٹی ادارے نے گرفتار کیا۔ حکومت نے انہیں اتنی ہی ڈھٹائی اور رعونت سے رہا کردیا۔ اس پر نواز حکومت کو جواب دینا ہوگا۔جے یو پی کے رہنما نے کہا کہ حکومتی کمیٹی طالبان سے مذاکرات پر قوم اور پارلیمنٹ کو دھوکے میں رکھ رہی ہے۔ مولانا سمیع الحق اور طالبان کمیٹی عملی اقدامات کی بجائے بیان بازی اور طفل تسلیوں سے کام چلا رہی ہیں۔