قاہرہ (جیوڈیسک) عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نے امریکا پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس سے خطاب میں خطے کے موجودہ صورت حال کا ذمہ دار اسرائیل کو قرار دیا گیا۔
عرب وزرائے خارجہ نے امریکا پر زور دیا کہ وہ اسرائیل پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے اسے اس بات پر مجبور کرے کہ وہ اپنے وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری کرے۔ کانفرنس میں فلسطینی ریاست کو ماہانہ سو ملین ڈالرز امداد دینے کے وعدے کی بھی توثیق کی گئی۔