چین (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ خطے میں معاشی ترقی کیلئے امن ناگزیر ہے، تنازعات کے حل کو ترجیح دینی ہوگی۔ چین کے شہرسانیا میں باؤفورم کے 12 ویں سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ایشیا طویل عرصے سے عالمی معیشت میں نمایاں کردارادا کر رہاہے اور چین نے عالمی معیشیت میں اہم کرداراداکیاہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا وسائل سے مالامال ہے ہمیں ان سے استفادہ کرنا چاہئے۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی کے لئے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا، کچھ عرصے سے دنیا کی معیشت پر برے اثرات ہوئے، جس کا اثر دنیا کے کئی ممالک کی معیشت پر پڑا۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی تعاون کے لیے مواصلاتی رابطوں کومربوط بناناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے پاکستان کی معیشت کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔ اس سے پہلے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ فورم کی مدد سے ایشیائی ممالک کے درمیان معاشی تعاون کوفروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ایشیا سمیت دنیا بھرسے غربت کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں۔ فورم میں لاؤس اورنمیبیا کے وزرائے اعظم اورروس اورویتنام کے نائب وزیراعظم بھی شرکت کررہے ہیں۔ اس سال باؤ فورم فارایشیا کا مرکزی خیال ایشیا کا نیا مستقبل رکھاگیاہے۔