سپریم کورٹ کا پی پی 259 میں ضمنی انتخابات روکنے کا حکم

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے پی پی 259 مظفرگڑھ میں ضمنی انتخابات روکنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے حلقے کے امیدوار خان محمد جتوئی کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ انہیں جن کیسوں کی بنیاد پر نااہل قرار دیا گیا۔ پہلے ان پرفیصلہ کیا جائے ، اگر ان کیسوں پر فیصلہ نہیں ہوتا تو وہ اس انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے۔

خان محمد جتوئی کا کہنا تھا کہ انہیں انتخابات سے باہر رکھا جا رہا ہے جبکہ ان پر مقدمات بھی ثابت نہیں ہو سکے۔

سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی استدعا منظور کرتے ہوئے پی پی 259 مظفر گڑھ میں ضمنی انتخابات روکنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے ہدایت کی کہ امیدوار خان محمد جتوئی کے خلاف کیسوں کے فیصلے تک ضمنی انتخابات نہ کرائے جائیں۔پی پی 259 مظفر گڑھ میں 12 مئی کو ضمنی انتخابات ہونا تھے۔