ممبئ (جیوڈیسک) بھارت کو ون ڈے ورلڈ کپ کا فاتح بنوانے والے یوراج سنگھ بھارتی شائقین کی نظروں میں حالیہ ورلڈ ٹی 20 فائنل کے ولن بن گئے ہیں،انھیں عوام کے غیظ و غضب کا سامنا ہے۔
گذشتہ دن چندی گڑھ میں ان کے گھر پر برہم شائقین نے پتھراؤ بھی کیا، بہت سے لوگ یوراج سنگھ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے اور ان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے، انھوں نے 21 گیندوں پر صرف 11 رنز بنائے اور اس سست رفتار بیٹنگ کی وجہ سے بھارت اننگز کے آخری اوورز میں بہت کم رنز بنا پایا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لوگ یوراج سنگھ پر اپنا غصہ ظاہر کر رہے ہیں، کسی نے لکھا ’وجے مالیا کو انھیں ’او ایل ایکس‘ پر فروخت کر دینا چاہیے۔‘ واضح رہے کہ اس سال وجے مالیا کی ٹیم نے انھیں آئی پی ایل کی نیلامی میں سب سے زیادہ قیمت پر خریدا ہے۔ ایک دوسرے شخص نے لکھا: ’روڈ پر بنائے جانے والے اسپیڈ بریکر کا نام یوراج سنگھ رکھ دینا چاہیے‘ دوسری جانب بھارتی فلم انڈسٹری سے جڑے ہوئے لوگ ان کی حمایت پر کمر بستہ ہیں، معروف فلم ساز ڈیوڈ دھون کے بیٹے اور اداکار ورون دھون نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’ یووی نے ہمیں ورلڈ کپ جتوایا تھا۔
انھوں نے ہمیں تب خوشی دی جب وہ کینسر جیسی خوفناک بیماری سے دو چار تھے، لوگ اسے کیسے بھول سکتے ہیں؟‘ ہدایتکار مدھر بھنڈارکر لکھتے ہیں کہ ’کون ہیں یہ بیوقوف جو ایک میچ ہارنے پر یوراج کو اتنا بُرا بھلا کہہ رہے ہیں؟ کیا وہ یہ بھول گئے کہ انھوں نے ہمیں 2ورلڈ کپ جتوائے تھے۔ اداکارڈینو موریا نے بھی یوراج کی حمایت میں ٹویٹر پر لکھاکہ بیٹسمین پر غصہ نکالنے والے لوگوں میں عقل کی کمی ہے،کرکٹ ایک کھیل اور اس میں کوئی جیتتا تو دوسرا ہارتا ہے۔ مصنفہ شوبھا ڈے نے بھی یوراج سنگھ کا دفاع کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ ہم کتنے کم ظرف ہو گئے کہ یوراج سنگھ کو برا بھلا کہہ رہے ہیں، ایسے لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔ سلمان خان کے بھائی اور فلمساز و اداکار ارباز خان نے لکھا کہ ’یووی ہمارے لیے فتح گر کھلاڑی رہے،فائنل کا دن ان کیلیے سازگار نہیں تھا تاہم وہ عظیم کھلاڑی ہیں۔‘ امیتابھ بچن نے بھی اپنے بلاگ میں بھارتی ٹیم کی حمایت کرتے ہوئے فائنل تک پہنچنے پر مبارکباد دی۔