واہگہ (جیوڈیسک) بھارت سے ڈھائی ہزار سکھ یاتری3 خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ بارڈر پہنچ گئے، یہ سکھ یاتری پاکستان میں بیساکھی میلے کی تقریبات میں شرکت کے علاوہ اپنے مقدس مقامات کی یاترا بھی کریں گے۔
ڈھائی ہزارسکھ یاتری 3 خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ بارڈر پہنچے تو ان کے چہرے خوشی سے دمک رہے تھے۔ ان یاتریوں میں ایک ہزار چھ سو اٹھاون مرد اور آٹھ سوپندرہ خواتین شامل ہیں۔ سکھ یاتری 10 دن تک پاکستان میں قیام کریں گے۔
واہگہ پہنچنے پریاتریوں نے کہاکہ انہیں لگ ہی نہیں رہا کہ وہ کسی دوسرے ملک آئے ہیں۔ واہگہ بارڈر پرسکھ یاتریوں کااستقبال پاکستان گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ سردار مستان سنگھ اور متروکہ وقف املاک کیحکام نے کیا۔
سکھ یاتریوں کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور حلوہ پوری، سبزی اور چاولوں سے ان کی تواضع کی گئی۔ سکھ یاتری واہگہ سے اپنے مقدس مقام حسن ابدال جائیں گے،اس کے بعد وہ ننکانہ صاحب میں ماتھا ٹیکی کی رسم ادا کرنے کے علاوہ 3 روزہ بیساکھی میلے میں بھی شرکت کریں گے اور 20 اپریل کو واپس روانہ ہو جائیں گے۔