نئی دلی (جیوڈیسک) کہتے ہیں کہ ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے لیکن اپنی کامیابی کو ہمیشہ ‘اکیلا’ ہونے سے تعبیر کرنے والے بھارتیہ جنتہ پارٹی کے رہنما نریندر مودی نے بھی 46 سال بعد شادی شدہ ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 63 سالہ نریندر مودی نے ملک میں جاری انتخابات کے لئے جو کاغذات نامزدگی فارم جمع کرائے ہیں اس میں انھوں نے پہلی بار اپنی بیوی کا نام یشودابن ظاہر کیا ہے۔ یشودابن کا تعلق بھی نریندر مودی کے
آبائی گاؤں ودھ نگر سے ہی ہے اور وہ ایک ریٹائرڈ اسکول ٹیچر ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل نریندر مودی 4 انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں لیکن انھوں نے ہر بار خود کو ‘اکیلا’ ہی ظاہر کیا۔ نریندر مودی کا دعوی تھا کہ وہ ‘اکیلا’ ہونے کی وجہ سے بہتر طریقے سے عوامی خدمت کر سکتے ہیں۔