اسلام آباد (جیوڈیسک) دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حوالے سے ہمارا عمل ہماری نیت کا عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات ہیں۔
وزیراعظم کےدورہ ایران کی تیاری کی جا رہی ہے۔ وزیراعظم کو ایران سے دورے کی دعوت ملی تھی۔ وزیراعظم کے دورے کی تاریخوں کا تعین ہو رہا ہے۔ دورہ 2014 کی پہلی ششماہی میں ہو گا۔
تسنیم اسلم کا کہنا تھا کہ انتخابات بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، بھارتی عوام کا استحقاق ہے کہ وہ کس جماعت کو منتخب کرتے ہیں۔
پاکستان کے تعلقات حکومت سے نہیں، ممالک سے ہوتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں جو بھی حکومت قائم کرے، جامع مذاکرات کی بحالی کی کوشش کریں گے۔ بھارت کا آئین ان کا اندرونی معاملہ ہے، کشمیر کے حوالے سے ہمارا موقف اصولی ہے۔