اسلام آباد (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے نو منتخب امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کشمیر ہماری حکمت عملی اور پالیسی میں اولین ترجیح ہے۔
کشمیریوں نے تاریخ ساز قربانیاں پیش کی ہیں، ان کو آزادی کی منزل سے کوئی دور نہیں کر سکتا، پاکستان کی حکومت اور قوم کا یہ بنیادی فرض ہے کہ وہ کشمیریوں کی سرپرستی کرے، یہ ہماری ذمے داری ہے اس سے ہم غافل نہیں رہ سکتے۔
جمعرات کو جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبد الرشید ترابی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ کشمیری آزادی حاصل کر کے رہیں گے اور جماعت اسلامی پوری قوم کو کشمیریوں کی پشت پرلائے گی، بہت جلد کشمیری قیادت سے مشاورت کر کے حکمت عملی تشکیل دیں گے۔
عبدالرشید ترابی نے نو منتخب امیر کے کشمیر پر دو ٹوک موقف کو سراہا اور کہا کہ قومی سطح پر نئی صف بندی کی ضرورت ہے، بھارت کو پسندیدہ ملک کا درجہ دینے کی باتیں کرنے سے کشمیریوں کے زخموں پرنمک پاشی ہوتی ہے۔