سمیع الحق کا طالبان شوریٰ سے رابطہ، جنگ بندی میں توسیع پر تبادلہ خیال

Sami-ul-Haq

Sami-ul-Haq

اسلام آباد (جیوڈیسک) طالبان رابطہ کار کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے طالبان شوریٰ سے رابطہ کیا ہے اور جنگ بندی میں توسیع پر بات کی ہے جبکہ رکن طالبان کمیٹی پروفیسر ابراہیم نے کہا ہے کہ امن مذاکرات کے لیے فریقین میں اعتماد کا فقدان ہے۔

ایک نجی ٹی وی نے مولانا سمیع الحق کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنگ بندی کے معاملے پر طالبان شوریٰ اختلافات کا شکار ہے۔ شوریٰ کے بعض ارکان کا کہنا تھا کہ حکومت کو قیدیوں کی جو فہرست دی گئی تھی اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، جنگ بندی میں مزید توسیع ان کی رہائی پر ہی ممکن ہو سکتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض ارکان کا کہنا تھا کہ جنگ بندی میں توسیع کر دی جائے۔

طالبان نے مولانا سمیع الحق سے کہا کہ جب تک ان کے 13 قیدیوں کو رہا نہیں کیا جاتا جنگ بندی میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ مولانا حکومت سے قیدیوں کی رہائی کے لیے بات کریں اور ان پر دباؤ ڈالیں کہ قیدیوں کی جو فہرست فراہم کی گئی اس پر جلد از جلد عمل کیا جائے تاکہ جنگ بندی کی جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا سمیع الحق نے طالبان کو اختلافات ختم کر کے مذاکراتی عمل آگے بڑھانے کا مشورہ دیا ہے۔