افتخار چوہدری نے ہر غیر اہم ایشو پر نوٹس لیا، دھاندلی سے نظریں چرالیں ، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے قوم کو مایوسی کے سواکچھ نہیں دیا۔ انھوں نے ہر غیر اہم ایشو پرسوموٹو لیا لیکن انتخابات میں دھاندلی سے نظریں چرا لیں، کرپشن کے خاتمے کے لیے نیب، انویسٹی گیشن کے اداروں کوآزاد ہونا چاہیے۔

نوازشریف بتائیں کہ جس پولنگ اسٹیشن پر 1500 رجسٹرڈ ووٹ تھے وہاں سے ان کے حق میں 8 ہزار ووٹ کیسے پڑ گئے، ملک میں قوانین موجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو مقامی ہوٹل میں بریگیڈیئر (ر) اسلم گھمن کی کتاب ’’ہاں یہ سچ ہے ‘‘کی تقریب رونمائی سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ 11 مئی کے الیکشن میں سرگودھا کے ایک پولنگ اسٹیشن پر کل رجسٹرڈ ووٹرزکی تعداد 1500 تھی مگر وہاں میاں نواز شریف کو کیسے 8 ہزار ووٹ پڑ گئے۔

میاں صاحب کو چاہیے تھا کہ پولنگ ایجنٹ، پریذائڈنگ افسر اور ریٹرننگ افسر کو پوچھتے اور جو بھی ذمے دار ہوتا اسے سزا دیتے اور جیل میں ڈال دیتے۔ عمران خان نے کہا کہ مجھے چیف جسٹس افتخار چوہدری سے بہت مایوسی ہوئی۔