اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد کی فروٹ منڈی ایک روزہ سوگ کے بعد آج سے دوبارہ کھول دی گئی ہے اور کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں۔ فروٹ منڈی میں کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق شروع ہو گئی ہیں ، تاہم لوگ دھماکے میں بچھڑنے والے اپنے ساتھیوں کے غم میں افسردہ ہیں۔
،بدھ کی صبح فروٹ منڈی میں امرودوں کی بولی کے دوران ہونے والے دھماکے میں 25 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے تھے ، پولیس کے مطابق دھماکاخیز مواد امرود کی پیٹی میں چھپایا گیا تھا۔
وفاقی حکومت نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کیلئے فی کس 5 لاکھ روپے ، شدید زخمیوں کیلئے 75،75 ہزار اور معمولی زخمیوں کیلئے 25،25 ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
دھماکے سے کالعدم تحریک طالبان نے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی تھی۔ دھماکے کی ذمہ داری بلوچستان لبریشن آرمی نے قبول کی تاہم وزارت داخلہ نے یہ دعویٰ مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کی کڑیاں کہیں اور ملتی ہیں۔