دوحا (جیوڈیسک) شعیب اختر کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں فاسٹ بولر زیادہ بہتر کپتان ثابت ہوسکتا ہے، انھوں نے لسیتھ مالنگا کی مثال دی جنھوں نے آخری تین میچز میں قیادت کرتے ہوئے ٹیم کو ورلڈ ٹوئنٹی 20 ٹائٹل جتوایا۔
شعیب اختر نے کہا کہ ایک فاسٹ بولر بطور کپتان کافی مختلف ثابت ہوتا ہے، وہ ہمیشہ کافی جارح اور نتائج دینے میں دلچسپی رکھتا ہے، فاسٹ بولر میچ ونر اور ایسا کرناان کی فطرت میں شامل ہوتا ہے۔ شعیب اختر ان دنوں دوحا میں موجود ہیں، وہاں میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے ایک بار پھر فاسٹ بولرز کو ٹوئنٹی کرکٹ چھوڑنے کا مشورہ دیا، انھوں نے کہا کہ کرکٹ کا یہ فارمیٹ خالصتا بیٹسمینوں کے لیے ہے، اس میں حصہ لے کر فاسٹ بولرز اپنا رعب اور دبدبہ ختم کررہے ہیں، شعیب اختر نے کہا کہ اگرچہ ڈیل اسٹین نے قدرے بہتر بولنگ کی مگر انھیں بھی یہ طرز نہیں کھیلنی چاہیے،اس سے ان کا بیٹسمینوں کے دلوں پر جو خوف بیٹھا ہوا ہے وہ زائل ہوجائیگا۔