انسانی اسمگلنگ میں معاونت کا الزام، ایف آئی اے کے 2 افسر گرفتار

FIA

FIA

کراچی (جیوڈیسک) انسانی اسمگلنگ کی معاونت کے الزام میں ایف آئی اے امیگریشن کے 2 افسران کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قطرایئرلائنز کے ذریعے 11 مارچ کو 5 پاکستانی طلبا براستہ دوحہ، استنبول، سائپریس کیلیے روانہ ہوئے تھے جنھیں 17 مارچ کو ترکی کے امیگریشن حکام نے جعلی سفری دستاویزات ہونے کی بنیاد پر بے دخل کرکے پاکستان واپس بھیج دیا تھا، پانچوں طلبا کے خلاف انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی میں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں ایف آئی آر بھی درج کی گئی تھی جبکہ ایف آئی اے امیگریشن کے 2 افسران فہیم شیخ اورمحمد علی ساون کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری شروع کی گئی تھی۔

ذرائع کے مطابق انکوائری میں یہ حقائق سامنے آئے تھے کہ پاکستانی شہریوں کیلیے سائپرس کا ویزا ’’آن ارائیول‘‘ ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث گروہ ایف آئی اے امیگریشن کی ملی بھگت سے سائپریس کے تعلیمی اداروں کی جعلی اسناد پرنوجوانوں کوبیرون ملک بھجواتے ہیں جہاں سے وہ باآسانی یورپ کے دیگر ملکوں کا رخ کرلیتے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ واقعے میں ایف آئی اے امیگریشن کے دونوں افسران کی بدنیتی کا واضح ثبوت یہ ہے کہ پانچوں افراد کو قطر ایئرویز کے ذریعے سائپریس کیلیے روانہ کیا گیا۔