جماعت اسلامی کے نو منتخب امیر سراج الحق کا منصورہ میں تقریب حلف برداری سے خطاب

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ تمام سیاسی و دینی جماعتیں متحد ہو کر ایک چارٹر پر دستخط کریں تاکہ ملک کو آئین کے مطابق جمہوری انداز میں چلایا اور آمریت کا ہمیشہ کے لیے راستہ روکا جائے سکے ۔ پاکستان کاآئین اسلامی ہے جو معاشرے کو مضبوط اسلامی بنیادیں فراہم کرتاہے ۔ ملکی آئین کی بالادستی کے لیے تمام محب وطن قوتوں کو متحد ہوناچاہیے ۔ حکومتی مشینری نے اپنے کم وسائل کے باوجود عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔

افواج پاکستان نے ملکی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع کے لیے نامساعد حالات میں بھی بہترین خدمات سرانجام دی ہیں ۔ ملک میں ظلم و استبداد کار استہ روک دیا جائے تو کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن نہ ہو سکے ۔ 65سال سے 5 فیصد اشرافیہ نے 95 فیصد عوام کو یرغمال بنا رکھاہے اور قومی وسائل پر قبضہ کیا ہواہے جبکہ 95 فیصد عوام تعلیم ، صحت اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں ۔ غریب کے بچوں کو کوڑے کے ڈھیروں سے رزق تلاش کرنا پڑتاہے ۔ عوام کو پانچ فیصد اشرافیہ کے خلاف متحد ہونا چاہیے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے بدھ کی شام منصورہ میں اپنے اعزاز میں منعقد کی گئی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے حلف امارت اٹھایا۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض ادا کیے ۔ شیخ القرآن مولانا عبدالمالک نے اختتامی دعا کرائی ۔سراج الحق نے کہاکہ ارکان جماعت نے مجھ سے بدرجہا بہتر لوگوں کے ہوئے ہوئے میرا انتخاب کرکے میرے کندھوں پر کوہ ہمالیہ سے زیادہ وزن لادیا ہے ۔ میں اپنے پیش روئوں سید ابوالاعلیٰ مودودی ، میاں طفیل محمد ، قاضی حسین ا حمد ، اور سید منور حسن کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اگر قرآن و سنت کے مطابق چلوں تو ارکان جماعت میرا ساتھ دیں اور اگر آئین و ستور کے راستے سے ہٹوں تو مجھے پکڑ کر سیدھا کردیں ۔ انہوں نے کہاکہ سید منور حسن نے جماعت اسلامی کی قیادت اس وقت سنبھالی جب خطہ بہت بڑے بحران سے دوچار تھا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم امریکہ اور بھارت سمیت کسی غیر مسلم ملک کے خلاف نہیں ۔ امریکہ کی دنیا بھر میں اسلام اورامت مسلمہ کے خلاف پالیسیوں کے خلاف ہیں ۔ امریکہ موجودہ دور کا سب سے بڑا طاغوت ہے اور دنیا بھر میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہاہے ۔ امریکی سرپرستی میں بھارت کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں معصوم مسلمانوں کو قتل کر رہا ہے اور ان کے ممالک پر قبضہ کیے ہوئے ہیں۔