خرم شہزاد عمر کا پرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹس کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار
Posted on April 12, 2014 By Majid Khan سٹی نیوز
جھنگ : ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر راجہ خرم شہزاد عمر نے پرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹس کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں سخت الفاظ میں وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع بھر میں اگروہ اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد نہیں کروا سکتے تو وہ کسی اورضلع میں اپنی تعیناتی کر والیں کیونکہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی عوام کو ریلیف پہنچانے کی پالیسی میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کیا جائیگا وہ گزشتہ روزضلعی کوالٹی کنٹرول بورڈ برائے خوراک کے پہلے باضابطہ اجلاس سے خطا کر رہے تھے۔
اس موقع پر بورڈ کے سیکرٹری ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر خان ،ایڈیشنل ڈسٹرکٹ کلکٹر ہارون رشید ،ڈی او سی خالد راجو،ای ڈی او زراعت افضل باجوہ، ڈی او فوڈ چوہدری عبدالغفور،متعلقہ افسران اور مختلف محکموں کے افسران بطور پرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹس اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس کے دوران ڈی سی او نے پرائس کنٹرولنگ مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام مہنگا اور ناقص گوشت خریدنے پر مجبور ہیں جبکہ سرکاری افسران گاڑیوںاور دیگر وسائل کو فراغ دلی سے استعمال کر رہے ہیں ۔ ڈی سی او راجہ خرم شہزاد عمر نے شادی آرڈی نینس کی کھلے عام خلاف ورزی اور اسسٹنٹ کمشنروں کی طرف سے خاموش تماشائی بننے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا اور ہدایات جاری کیں کہ ایک سنگل ڈش کے علاوہ جو کھانا شادیوں میں پایا جائے وہ مستحقین اور فلاحی اداروں میں تقسیم کر دیا جائے۔انہوںنے کہا کہ رات دس بجے کے بعد اگر کوئی شادی کی تقریب جاری پائی گئی تو تقریب کا اہتمام کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے ساتھ ساتھ چشم پوشی کرنیو الے سرکاری افسران کا محاسبہ کیا جائیگا۔انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے تیل، گھی،دودھ اور دیگر اشیائے ضروریہ میںملاوٹ کی روک تھام اور قانونی کاروائی کیلئے ڈسٹرکٹ کوآلٹی کنٹرول کمیٹی برائے خوراک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ عوام کو صاف ستھری ملاوٹ سے پاک اورحفظان صحت کے مطابق خوراک مہیا کی جا سکے اور اس ضمن میں ماہانہ اجلاس طلب کرکے کارکردگی کا جائزہ لیا جائیگا۔ڈی سی او نے پٹرول پمپوں پر ڈیزل، پٹرول اور سی این جی کی اضافی قیمتوں پر فروخت کا بھی سخت نوٹس لیا اور ذمہ دار افسران کو اس ضمن میں اپنی کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔ڈی سی او نے ایڈمنسٹریٹر اور ٹی ایم او تحصیل کونسلز کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں وال چاکنگ کا فوری خاتمہ کریں اور اس ضمن میں قانون کو حرکت میں لائیں۔ڈی سی اونے محکمہ ہیلتھ کے حکام کو ہوٹلوں میں گندگی اور صفائی کی عمومی ناقص صورتحال کے خلاف فوری ایکشن لینے کی ہدایات جاری کیں۔مزید برآں ڈی سی او نے سیکرٹری ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ٹرانسپورٹ کے اضافی کرایوں بارے عوامی شکایات کو نظر انداز کرنا بند کریں اور عملی طور پر بہتری کے اقدامات کریں۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں میں ایل پی جی اور ناقص سی این جی سلنڈر کے خلاف کریک ڈائوں شروع کیا جائے۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com