کراچی (جیوڈیسک) صدرپاکستان ممنون حسین نے کہاہے کہ نجی ادارے اردو کی ترقی کے لیے کام کریں تو حکومت ان کابھرپور ساتھ دے گی۔ پاکستان میں نوجوان ادب پرمعیاری کام کررہے ہیں۔ ہمیں مل کران کی حوصلہ افزائی کرنی ہو گی کیونکہ پھولوں کی دیکھ بھال نہ کی جائے تووہ مرجھاجاتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پرخصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
ان کاکہنا تھاکہ ملک میں خاصا بگاڑ پیدا ہو چکا ہے۔ ہم نے حالات میں بہتری لانے کی کوشش کی ہے اوراس بات کاعزم کیے ہوئے ہیں کہ پاکستان کا مستقبل روشن کرینگے۔ انھوں نے مختلف شعراکے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ہجرت کے بعدسے اب تک کئی پاکستانی شعرا نے اپنی شاعری میں معاشرے کے دکھ بیان کیے ہیں۔
صدر پاکستان کامزید کہناتھا کہ اردوزبان کبھی زوال پذیرنہیں ہو سکتی۔ جس جنونی انداز سے ہمارے قلم کار کام کر رہے ہیں، اسے دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ زبان مزید ترقی کرے گی۔