کسی کے دبائو میں نہ آیا جائے کے الیکٹرک کے خلاف شفاف تحقیقات کو یقینی بنایا جائے: شفیع احمد

کراچی : پاسبان کے مرکزی صدر شفیع احمد نے ایف آئی اے کی جانب سے بجلی صارفین کو لوٹ کھسوٹ کا نشانہ بنانے پرکے الیکٹرک کے خلاف تحقیقات کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ کے الیکٹرک کا بجلی صارفین سے اربوں روپے بٹورنے کی تحقیقات اور ذمہ داران کے خلاف کاروائی کے ساتھ بجلی صارفین کو لوٹی گئی رقوم واپس دلوانے کیلئے پاسبان کی جانب سے عدالتی کمیشن کے قیام کیلئے گذشتہ روز چیف جسٹس سندھ کو دیئے گئے درخواست کے بعد ایف آئی اے بھی حرکت میں آگئی ایف آئی اے کے اس اقدام پر بجلی صارفین اور پاسبان ایف آئی اے حکام کی مشکور ہے اور مطالبہ کرتے ہیں کہ کسی کے دبائو میں نہ آیا جائے کے الیکٹرک کے خلاف شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔

تحقیقات رکوانے میں کن سیاسی عناصرکا دبائو ہے انہیں منظر عام پر لایا جائے ،انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے حکام گھبرائیں نہیں بلکہ تحقیقات کو پایہ تکمیل تک پہنچاکر ذمہ داران کو جیل بھجوائیں اور کے الیکٹرک حکام کے بیرون ملک فرار کے راستے بندکئے جائیں اور صارفین سے لوٹی گئی رقوم صارفین کو واپس لوٹائیں ،انہوں نے کہا کہ نیپرا اورایف بی آر نے خود 8فروری اور 6مارچ کے اخبارات کے ذریعے تصدیق کی تھی کہ کے الیکٹرک بجلی صارفین کو بینک چارجزاور ٹیکس کے ذریعے لوٹ رہی ہے جبکہ ہوسکتا ہے کہ ٹیرف کے ذریعے بھی صارفین کو لوٹاجارہا ہو تحقیقات میں یہ بھی سامنے آہی جائے گا۔