لاڑکانہ میں دیرینہ دشمنی پر 2 بھائیوں سمیت 3 افراد قتل، 2 زخمی

Larkana

Larkana

لاڑکانہ (جیوڈیسک) ڈوکری گاؤں سے تعلق رکھنے والے جونیجو برادری کے 2 بھائیوں سمیت 3 افراد کو دیرینہ دشمنی پر قتل جب کہ 2 افراد کو زخمی کر دیا گیا۔ گاؤں ڈوکری کے رہائشی جونیجو برادری کے 2 بھائی اعجاز اور مبین اپنے ڈرائیور کے ہمراہ عدالت جا رہے تھے کہ باکھرانی کے قریب چنہ گاؤں میں نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں بھائی اور ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، فائرنگ سے 2 راہگیر بھی زخمی ہو گئے۔

امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے واقعہ میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر چانڈکا اسپتال لاڑکانہ منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں کا اپنی ہی برادری کے کچھ افراد سے کسی معاملے پر دیرینہ تنازعہ چلا آ رہا تھا، واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔