آئی پی ایل کرپشن اسکینڈل، تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا

IPL

IPL

نئی دہلی (جیوڈیسک) انڈین پریمیئر لیگ کرپشن اسکینڈل کی سی بی آئی سے تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا، آئی پی ایل کے چیف ایگزیکٹیو سندررامن اور جھارکھنڈ ایسوسی ایشن پر بھی فکسنگ میں ملوث ہونے کا الزام عائد ہو گیا۔

بہار کرکٹ ایسویس ایشن کے چیف ادتیا رامن کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تفتیش ہونی چاہئے۔ تفصیلات کے مطابق آئی پی ایل اسکینڈل کو ایک برس ہونے والا ہے مگر ابھی تک اس کی گرد بیٹھی نہیں اس کیس میں دوسری مرتبہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر این سری نواسن کے اختیار سلب ہوئے ہیں، نواسن اور سپریم کورٹ کی بنائی ہوئی کمیٹیاں اس معاملے کی جانچ کر چکی ہیں مگر ابھی تک ذمہ داریوں کا تعین نہیں ہو سکا ہے، اس لیے اس معاملے کی سی بی آئی یا پھر این آئی اے سے تحقیقات کا مطالبہ زور پکڑنے لگا ہے، اس معاملے کو سپریم کورٹ لے جانے والے بہار کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیف ادتیا رامن نے بھی اعلیٰ سطحی تحقیقات پر زور دیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ممبئی پولیس کی جانب سے تیار کی جانے والی چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل کے چیف ایگزیکٹیو سندر رامن کے میچ فکسنگ کے حوالے سے وندو دارا سنگھ کے ساتھ براہ راست تعلقات تھے۔