تحفظ پاکستان آرڈی نینس پر ہمارے تحفظات ہیں: فیصل سبزواری

Faisal Sabzwari

Faisal Sabzwari

کراچی (جیوڈیسک) سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ ہم تحفظ پاکستان آرڈی نینس کے خلاف ہیں، اس پر ہمارے تحفظات ہیں۔

سندھ اسمبلی کے اجلاس سے پہلے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ تحفظ پاکستان آرڈی نینس پر ہمارے تحفظات ہیں۔ ایوان میں ماحول اچھا رہا اور ہمیں بولنے دیا گیا تو تحفظ پاکستان آرڈی نینس کے خلاف اسمبلی میں قرارداد لائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ طالبان قیدی رہا اور سیاسی کارکن گرفتار ہو رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو لاپتہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے بغیر وردی والے نامعلوم افراد کارکنوں کو اغوا کر کے مارتے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بننے کو دیئے ہیں جو جلد بن جائیں گے۔ تاہم ہم چاہتے ہیں کہ الطاف حسین پاکستان آ کر خطرات میں گھرنے کے بجائے محفوظ رہ کر ہماری قیادت کرتے رہیں۔