حکومت پنجاب ڈینگی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے: ایم این اے ملک ریاض

Dengue

Dengue

لاہور (جیوڈیسک) ڈینگی کے خاتمہ کیلئے حکومت کیساتھ ساتھ عوام کو بھی آگے بڑھ کر عملی اقدامات کا مظاہرہ کرنا ہوگا تاکہ اس موذی اور خطرناک مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار رکن قومی اسمبلی ملک ریاض نے ڈگری کالج شاہدرہ میں ڈینگی کے خاتمہ اور بچائو سے متعلق سیمینار سے خطاب میں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی کوششوں سے ڈینگی کے خاتمہ میں بہت مدد ملی ہے جس کی بدولت آج ہم اس مرض سے چھٹکارا پانے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس خطرناک مرض کے خاتمہ کیلئے حکومت پنجاب کا ساتھ دیں اور عملی طور پر حصہ لیں تاکہ آئندہ نسلوں کو اس خطرناک مرض سے نجات دلائی جائے۔

تقریب سے خطاب میں گورنمنٹ ڈگری کالج شاہدرہ کی پرنسپل شاہدہ ماہتاب کا کہنا تھا کہ ڈینگی سے متعلق تقریب کے اہتمام کا مقصد عوام اور خاص طور پر طلبہ کو آگاہی فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مستقبل میں بھی ڈینگی سے بچائو کیلئے مقامی سطح پر اس طرح کے آگاہی سیمینارز کا انعقاد کیا جاتا رہے گا۔