موجودہ حکومت ، سابقہ دور کی تعلیم دشمن پالیسیوں کو دوام بخش رہی ہے: ناظم اعلیٰ جمعیت

لاہور (سید امجد حسین بخاری) اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے مستقل تقرر کویقینی بنایا جائے۔ موجودہ حکومت سابقہ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کو لے کر چل رہی ہے، جو کہ پاکستانی نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ ایک کھلواڑ کے مترادف ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ خیبر پختونخواہ کے ذمہ داران کے لئے منعقدہ تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے سب سے بڑے ادارے کے ساتھ کیا جانے والا سلوک حکومتی بدنیتی کو ظاہر کرتا ہے، ایچ ای سی کے ساتھ ظالمانہ سلوک کا براہ راست اثر متوسط طبقے پر پڑ رہا ہے ، وزرا ء کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کررہے ہیں اس لئے انہیں غریب بچوں کی طرف دھیان دینے کی ضرورت نہیں ہوتی۔

وزیر اعظم پاکستان عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے فی الفور ایچ ای سی کے چئیرمین کا تقرر کریں اور ادارے کو فنڈز جاری کریں ، ناظم اعلیٰ نے مزید کہا کہ تعلیم کی فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے، ملک بھر میں شرح خواندگی شرمناک ہے، تعمیر اور ترقی کی کاغذی دعوے اور بیانات کی بجائے عملی اقدامات کئے جائیں اور ملک کو تعلیم یافتہ و باشعور بنایا جائے، #