کراچی (جیوڈیسک) ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے انٹرسٹمنٹ اسکیم کے تحت ایس آر او 760 کے ذریعے درآمدی سونے کی بھارت اسمگلنگ کے امکانات کو یکسرمسترد کرتے ہوئے وزارت خزانہ سے سونے کی درآمد پر عائد پابندی ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے زیورات کی ایکسپورٹ میں کمی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے وفاقی وزارت خزانہ سے سونے کی درآمد پر عائد پابندی کے خاتمے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو خصوصی مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا کہ اگرچہ سونے کی درآمد پر پابندی سے روپے کی قدر کو مستحکم کرنے میں مدد ملی ہے تاہم دوسری جانب سونے کے زیورات کی برآمدات میں تشویشناک حد تک کمی کا سامنا ہے، رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ (جولائی تا فروری) کے دوران سونے کے زیورات کی ایکسپورٹ 74 فیصد کمی سے 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی، گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 1 ارب ڈالر سے زائد کے سونے کے زیورات ایکسپورٹ کیے گئے تھے، سونے کے درآمد پر پابندی طلائی زیورات کی ایکسپورٹ کو متاثر کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ خط میں کہا گیا کہ سونے کے زیورات کی برآمدی صنعت سونے کی درآمد پر مزید پابندی کی متحمل نہیں ہو سکتی، انٹرسٹمنٹ اسکیم کے تحت سونا ایس آر او 760 کے تحت درآمد کیا جاتا ہے۔
جس پر 25 کلو گرام کی حد مقرر ہے، اس حد سے زائد یا بے تحاشہ مقدار میں سونا درآمد نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اس ایس آر او کے تحت درآمد کردہ سونا بھارت کو اسمگل کیا جا سکتا ہے، انٹرسٹمنٹ اسکیم کے تحت درآمد کردہ سونا زیورات کی شکل میں 120 روز کی مدت میں ایکسپورٹ کر دیا جاتا ہے جس پر ایکسپورٹرز کو لاگت اور مزدوری کی مد میں ویلیو ایڈیشن زرمبادلہ کی شکل میں ملتی ہے جو قانونی طریقے سے پاکستان واپس لائی جاتی ہے۔
ایس ایم منیر نے وفاقی وزیر اسحاق ڈار کو کہا کہ ملک کو درپیش کڑے حالات میں زرمبادلہ کی آمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، سونے کی درآمد پر عائد پابندی ختم کی جائے تاکہ سونے کے زیورات کی برآمدی صنعت کو بحران سے نکال کر بلین ڈالر انڈسٹری بننے کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔ ٹی ڈیپ کے ایگزیکٹو آفیسر ایس ایم منیر نے اس ضمن میں وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر کو بھی خط لکھ کر سونے کی درآمد پر پابندی کے نتیجے میں برآمدات میں ہونے والی نمایاں کمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر سے یہ معاملہ ذاتی طور پر اسحاق ڈار کے سامنے اٹھانے کی درخواست کی ہے۔