ڈی ایم سی کورنگی کی جانب سے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زون میں ہنگامی بنیادوں پر برساتی نالوں کی صفائی کے کام کا آغاز

کراچی (خصوصی رپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات شرجیل انعام میمن کی ہدایت پر ضلع کورنگی میں مون سون ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کا آغاز کردیا گیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اسلم کی ہدایت پر ضلع کورنگی کے شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز میں برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے برساتی نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کے کام کا آغاز کردیا ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عمران اور میونسپل کمشنر طلعت محمود نے سنیئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کے ایم سی غلام رسول ،ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد کے ہمراہ لانڈھی 8ہزا ر روڈ ،کورنگی 11ہزار روڈ اور شاہ فیصل کالونی بلاک نمبر5ڈبل روڈ پر قائم برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا اس موقع پر شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز ،کورنگی زون کے فوکل پرسن مبین صدیقی اور لانڈھی زون کے فوکل پرسن پریم چند بھی موجو دتھے۔

ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے کہاکہ مون سون برسات سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کو یقینی بنا کر ضلع کورنگی میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنا لیا جائے گا انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی محدود وسائل کے باوجود عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنا نے کے لئے کوشاں ہے اور انشا اللہ وزیر بلدیات کی خصوصی ہدایت پر ضلع کورنگی میں برسات سے قبل برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے جاری کاموں کو مکمل کرلیا جائے گاانہوں نے کہاکہ برساتی نالوں کی صفائی کی راہ میں حائل تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات رکاوٹ ہیں تجاوزات کے خاتمے اور نالوں کی فوری صفائی کے لئے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی تعاون کی اپیل کی ہے ۔ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم نے تمام زونز کو ہدایت کی کہ برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے روانہ کی بنیاد پر رپورٹ مرتب کی جائے اس موقع پر کے ایم سی کے سنیئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز غلام رسول نے ضلع کورنگی کے ایڈمنسٹریٹر عمران اسلم کو برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے کے ایم سی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہوئے کہاکہ مالی وسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے ضلع کورنگی کو نالوں کی صفائی کے لئے مشنری فراہم کی جائیں گی انہوں نے ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن کورنگی کی جانب سے برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے اقدامات کو سراہا۔